وزیراعظم کا شاہ بحرین سے ٹیلیفونک رابطہ، عید کی مبارکباد

227

اسلام آباد: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان قریبی تعلقات نے مختلف شعبوں خصوصا دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے اہم مواقع فراہم کئے ہیں۔

انہوں نے اِن خیالات کا اظہار ہفتہ کو بحرین کے شاہ حماد بن عیسی الخلیفہ سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے کیا اور عید الاضحی کے مقدس موقع پر مبارکباد کا تبادلہ کیا۔وزیر اعظم نے بحرین کے برادرانہ عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم کی طرف سے عید مبارک کے جواب میں شاہ حماد بن عیسی الخلیفہ نے اس موقع پر پاکستان کے عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان عوام کے فائدے کے لئے باہمی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو مشترکہ عقیدے، باہمی افہام و تفہیم اور مشترکہ مفادات پر مشتمل ہیں۔