اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ عدالت کا احترام صرف یہ نہیں کہ آئین کے اندر لکھا ہوا ہے تو احترام مل جاتا ہے۔ احترام عدالتوں کو تب ملتا ہے جب عوام کو نظر آتا ہے کہ انصاف ہوا ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اب الیکشن کمیشن اور پاکستانی عدالتوں کا امتحان ہے۔ پنجاب ضمنی انتخابات میں 17 جولائی کو اگر الیکشن کمیشن نے اپنا کردار ادا نہ کیا تو ملک مشکل کی جانب چلا جائے گا۔الیکشن کمیشن کو مشورہ ہے کہ اپنے آپ کو بھی ایک سیاسی نشان الاٹ کر دیں۔
اسد عمر نے کہا کہ صوبے میں ضمنی انتخابات کی تیاری زوروں پر ہےاور واضح طور پر پی ٹی آئی کی برتری نظر آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں پنجاب حکومت کی طرف سے دھاندلی کی کوشش کی جارہی ہے۔ الیکشن میں سرکاری مشینری استعمال ہورہی ہے، ہمارے لوگوں کو دھمکیاں مل رہی ہیں۔ ووٹ کے غیر قانونی طور پر اندراج جاری ہیں اور ہمارے نوٹس کے باوجود الیکشن کمیشن خاموش ہے۔
الیکشن شیڈول جاری ہونے کے بعد ووٹوں کو آگے پیچھے نہیں کیا جاسکتا ۔ ضمنی انتخابات میں سب سے بڑا مسئلہ غیر قانونی ووٹوں کے اندراج کا ہے۔ بڑی تعداد میں غیر قانونی ووٹ درج کروائے گئے۔