ترکی کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، آرمی چیف

281

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ ترکی کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے کمانڈر ترک لینڈ فورسز جنرل موسیٰ اوسیور نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی ہے، جس میں دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی اور سکیورٹی تعاون پر خصوصی زور دینے کے ساتھ باہمی اور پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ترکی کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی جڑیں تاریخ میں گہری اور ہماری ثقافتی و مذہبی وابستگیوں میں جڑی ہوئی ہیں۔

اس موقع پر خصوصاً تربیت اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں فوجی تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں ترک لینڈ فورسز کے کمانڈر جنرل موسیٰ اوسیور نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا اعتراف کرتے ہوئے  مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  ترک مہمان نے پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا بھی عہد کیا۔