بابر غوری 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

253

کراچی: انسداد دہشتگردی کی عدالت نے بابر غوری کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

پولیس  نے بابر غوری کو  انسداد دہشتگردی کی عدالت کے منتظم جج کے روبرو پیش کیا، اس موقع پر عدالت کے اطراف سکیورٹی کے سخت انتظامات  کیے گئے۔ پولیس بابر غوری کو موبائل کی فرنٹ سیٹ پر بٹھا کر لائی جب کہ انہیں ہتھکڑی بھی نہیں لگائی گئی تھی۔

پولیس نے انسداد دہشتگردی کی عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ بابرغوری پر اشتعال انگیز تقریر میں سہولت کاری کا الزام ہے اور ملزم کے خلاف سائٹ سپر ہائی وے تھانے میں مقدمہ درج ہے۔

پولیس نے عدالت سے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے بابر غوری کو 7 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

اس موقع پر بابر غوری کا کہنا تھا کہ میرے خلاف تمام الزامات بے بنیاد ہیں، انہیں مسترد کرتا ہوں، اگر الزامات میں سچائی ہوتی تو واپس نہ آتا۔