کراچی: تھوڑی دیر کی موسلا دھار بارش نے سندھ حکومت کی کارکردگی کا پول کھول دیا، جہاں سڑکوں پر پانی جمع ہے وہیں سندھ اسمبلی کی چھت بھی ٹپکنے لگی ہے۔
کراچی میں مون سون بارشوں کا پہلا اسپیل 2 روز سے وقفے وقفے سے برس رہا ہے، منگل کو شہر میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلا دھار بارش ہوئی، جس کے بعد سندھ اسمبلی کی چھت بھی ٹپکنے لگی۔
سندھ اسمبلی کی چھت ٹپکنے کے بعد اپوزیشن جماعت پی ٹی آئی کے اراکین نے شور شرابا شروع کردیا۔ اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ اسمبلی کی عمارت پر کروڑوں روپے خرچ ہوئے ہیں مگر پہلی مون سون بارش کے ساتھ ہی چھت ٹپکنے لگی ہے۔
سندھ اسمبلی کی چھت کو تین مرحلوں میں مکمل کیا گیا ہے، پہلے گنبد ہے اس کے بعد پکی چھت اور پھر لکڑی کا کام کیا گیا ہے تاہم اس کے باوجود چھت سے پانی ٹپک رہا ہے۔