کراچی(اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے پاکستان ایسوسی ایشن آف پریس فوٹوگرافرز کے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا.حلف برداری کی تقریب کراچی پریس کلب میں منعقد ہوئی۔
تقریب میں کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی ،سیکرٹری محمد رضوان بھٹی،پی ایف یو جے کے صدر جی ایم جمالی سمیت ودیگر بھی موجود تھے۔
حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ میں پاکستان ایسوسی ایشن آف پریس فوٹوگرافرز کے نئی عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ جو فیلڈ میں ہمارے فوٹوگرافرز اور کیمرہ مین کام کرتے ہیں ان کی جان اسٹیک پر ہوتی ہے۔ ان کا کام انتہائی مشکل ہے،شیلنگ ، واٹر کینن اور بلاسٹ کے واقعات میں جان کی پرواہ کئے بغیر اپنے فرائض انجام دیتے ہیں ۔جتنی محنت کیمرہ مین اور فوٹوگرافرز کرتے ہیں کسی شعبے میں اس کی مثال نہیں ملتی ہے ۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ میڈیا ہاؤسز کی جانب سے ملنے والی اجرت اور مرعات ناکافی ہیں ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ میں میڈیا ہاؤسز کہ مالکان سے التجا کرتا ہوں کہ ورکرز کو مناسب تنخواہیں اور مراعات دی جائیں ۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت نے پیپ کی گرانٹس ایک ملین سے بڑھاکر دو ملین کردی ہے۔سندھ حکومت صحافیوں کے لئے نئی پالیسی بنانے جا رہی ہے۔تمام صحافیوں کولائف انشورنس اور ہیلتھ انشورنس دی جائے گی ۔ جس میں فوٹوگرافرز بھی شامل ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ پا کستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ صحافیوں کی بہتری کے لیے کام کیا ہے کیونکہ اظہار آزادی کو پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اپنی ترجیحات میں رکھا ہے۔
صحافیوں کی فلاح کے لئے جتنی بھی اسکیمیں دی ہیں وہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہی دی ہیں ۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری میڈیا کے لئے فکر مند رہتے ہیں اور ان کا ویژن ہے کہ صحافیوں کی فلاح کو ترجیح میں رکھنا ہے ۔
شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے بھی اپنی حکومتوں میں میڈیا کی بہتری کے لیے پالیسیاں دیں ۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ صحافیوں کےلئے کام کر کے اطمینان ہوتا ہے اور دلی سکون محسوس ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے مشکل وقت میں محکمہ اطلاعات سندھ نے ہر ممکن مدد کی ہے۔