تہران : ایران کی انسانی حقوق کونسل کے سربراہ کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ امریکہ اور اسکے علاقائی و غیر علاقائی اتحادیوں کے غیرقانونی اور جارحانہ اقدامات کے باعث افغانستان، عراق اور بحرین میں انسانی حقوق کی صورتحال انتہائی نا گفتہ بہ ہے۔
ایرانی عدلیہ کے نائب اور انسانی حقوق کونسل کے سربراہ کاظم غریب آبادی نے کہا کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں خاص طور سے امریکہ کی جانب سے غیر انسانی اقدامات کے باعث یمن کے مظلوم عوام حتی بنیادی انسانی حقوق سے بھی محروم ہیں۔
کاظم غریب آبادی نے کہا کہ افغانستان، عراق اور بحرین میں بھی انسانی حقوق کی صورتحال انتہائی نا گفتہ بہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کا انسانی حقوق کے حوالے سے دوہرا معیار ہے اور امریکہ اس حوالے سے قابل بھروسہ نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو بائیدن کی حکومت ان مظلوم عوام کے سامنے جوابدہ ہے جنہوں نے دہشتگردی، پابندیوں اور غاصبانہ قبضے کے خلاف اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔
کاظم غریب آبادی نے کہا کہ ہم شہید جنرل سلیمانی اور ان کے ساتھیوں کے قتل کے کیس کو پرسو کر رہے ہیں، ہماری تحقیقات ختم ہو چکی ہیں، بین الاقوامی امور کے پراسیکیوٹر آفس نے فرد جرم کا بڑا حصہ تحریر کیا ہے اور فرد جرم کا متن بہت جلد قانونی کارروائی کیلئے تہران جسٹس کو بھیجا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ عراق، قتل کا اصل مقام ہے اور شہید جنرل سلیمانی عراقی حکومت کے مہمان تھے؛ لہذا توقع کی جاتی ہے کہ اس کیس کا جلدی سے فیصلہ کیا جائے اور اس دہشتگردی کے گھناؤنے جرم میں ملوث مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔