اسلام آباد: حکومت نے توانائی بحران کی ذمے داری سابقہ حکومت پر ڈالتے ہوئے پٹرولیم کے شعبے میں غلط فیصلوں پر تحقیقاتی کمیشن بنانے کا اعلان کردیا ہے-
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے وفاقی وزرااحسن اقبال اور شاہد خاقان عباسی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے تمام اداروں کو استعمال کرکے مخالفین پر جھوٹے مقدمات بنائے جوبعد میں جھوٹے ثابت ہوئے۔عدالتوں نے اپنے فیصلوں میں تحریر کیا کہ یہ تمام مقدمات بے بنیاد الزامات پر بنے۔
نیشنل کرائم ایجنسی نے بھی عمران خان کے مقدمات کو جھوٹا قرار دیا، ایسٹ ریکوری یونٹ اصل میں عمران خان کا ایسٹ میکنگ یونٹ تھا۔عمران خان نے سپریم کورٹ میں وزیراعظم شہباز شریف کی ضمانت کے خلاف اپنی اپیل واپس لی جس کا مطلب ہے کہ وزیراعظم کے خلاف جھوٹا مقدمہ بنایا گیا۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ عمران خان اور اس کی کابینہ کے غلط فیصلوں سے ملک کو اربوں روپے کا نقصان ہوا، عمران حکومت کے پٹرولیم کے شعبے میں غلط فیصلوں کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنایا جائے گا، توانائی بحران کی حقیقت سامنے لانے کے لیے رپورٹ کو عوام کے سامنے رکھا جائے گاتاکہ حقیقت سامنے آسکے۔