سائفر کی انکوائری ہوئی تو عمران خان جیل میں ہوں گے، مریم اورنگزیب

294

اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خانپر سائفر معاملے میں نیوٹرل کو مداخلت کرنے کی دعوت دینے پر آرٹیکل6 لگنا چاہیے ، سائفر اور ملکی معیشت کو تباہ کرنے کی انکوائری ہوئی تو عمران خان جیل میں ہونگے۔

عمران خان کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان آج سپریم کورٹ میں جانے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں، عمران خان کیا وہ اس سپر یم کورٹ کے پاس جائینگے جسکے پانچ رکنی بینچ کے پانچ، صفر کے فیصلے کے مطابق آپ نے آئین توڑا ، آئینی شکنی کی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے  ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کو غیر آئینی قرار دیا،میڈیا نے حمزہ شہباز کے بارے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کی غلط تشریح پر مبنی رپورٹنگ کی اور غلط خبر پہنچانا اچھی روایت نہیں ہے، یہ ڈس اور مس انفارمیشن کے زمرے میں آتاہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ  عوام کو گمراہ کرناغیر قانونی عمل ہے ، فیصلے کے مطابق وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز کو عہدے سے نہیں ہٹایا گیا،انتخاب کالعدم بھی نہیں ہوا ہے ، نہ ہی عثمان بزدار کو بحال کیاگیا ہے۔

وفاقی وزیر برائے اطلاعات نے کہا کہ ایک جسکا نام عمران خان ہے 4سال ملک میں مسلط رہا، آر ٹی ایس سسٹم بٹھا کرچار سال تک ایک نااہل مسلط کیاگیا،چیف ایگزیکٹیو ہوتے ہوئے تمام اختیارات استعمال کیا ، آج اپنی نالائقی اور نااہلی کا ماتم کررہا ہے، چار سال صرف الزام تراشی کی، دوسروں کو چور کہا ، اختیارات کا ناجائز استعمال ، منی لانڈرنگ الزام لگاتا رہاہے۔