پاکستان میں کرونا کے یومیہ کیسز کی تعداد 500 سے متجاوز

341

اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کی یومیہ تعداد میں اضافہ جاری ہے ، 3 ماہ میں پہلی بار ملک میں عالمی وبا کے 500 سے زائد نئے یومیہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔قومی ادارہ صحت کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کےدوران مجموعی طور پر عالمی وبا کے 541 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

وزارت کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق تازہ کیسز رپورٹ ہونےکے بعد ملک بھر میں عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 15 لاکھ 35 ہزار144 تک پہنچ گئی ہے۔وزارت کے اعدادوشمارکے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک اور مریض جان کی بازی ہار گیا ہے

جس کے بعد ملک میں نوول کرونا وائرس کے باعث جاں بحق ہونیوالے افراد کی تعداد 30 ہزار 393 ہو گئی ہے۔گزشتہ روز ملک بھرمیں 15 ہزار 462 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے مثبت نتائج کی شرح 3.50 فیصد رہی ہے۔ملک بھر میں زیر علاج مریضوں میں سے اس وقت 100 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔وزارت صحت نے کہا ہے کہ ملک کے کچھ شہروں میں نئے کیسز کی تعداد میں معمولی تبدیلی کے باعث تمام اندرون ملک پروازوں ، ریلوے اور پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کے دوران ماسک پہننا لازمی قرار دیدیا گیا ہے۔