اسلام آ باد : وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے قیام پاکستان کے 75 سال مکمل ہونے پر خصوصی لوگو جاری کر تے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط اور خودانحصار، فلاحی مملکت اور دفاعی لحاظ سے ناقابل تسخیر بنائیں گے،قیام پاکستان کی طرح ایک اسلامی فلاحی، ترقی یافتہ اور معاشی طور پر خودمختار پاکستان کا خواب بھی سچ ہو کر رہے گا۔
بدھ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ قیام پاکستان کے 75 سال مکمل ہونے کی ڈائمنڈ جوبلی کی خوشیوں اور مبارک موقع پر عزم عالی شان، شاد رہے پاکستان کے عنوان سے خصوصی لوگو جاری کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان سے محبت اور اس عزم کی تجدید ہے کہ ہمارے بہادر اور عظیم بزرگوں اور شہدا نے جس عزم سے پاکستان بنایا تھا۔
قیام پاکستان کے 75 سال مکمل ہونے کی ڈائمنڈ جوبلی کی خوشیوں اور مبارک موقع پر "عزم عالی شان، شاد رہے پاکستان" کے عنوان سے خصوصی 'لوگو' جاری کردیا ہے۔ یہ پاکستان سے محبت اور اس عزم کی تجدید ہے کہ ہمارے بہادر اور عظیم بزرگوں اور شہداء نے جس عزم سے پاکستان بنایا تھا pic.twitter.com/ud1WkSpfcq
— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) June 29, 2022
مریم اورنگزیب نے کہا کہ اسی عزم کے ساتھ معاشی طور پر اسے مضبوط اور خودانحصار، فلاحی مملکت اور دفاعی لحاظ سے ناقابل تسخیر بنائیں گے تاکہ قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد حاصل ہوں اور عوام کی زندگیوں میں وہ آسانیاں آئیں جن کا خواب برصغیر کے مسلمانوں نے دیکھا تھا۔
وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ معاشی خود انحصاری کے وژن سے پاکستان کے نوجوان حقیقی معنوں میں قوم کے معمار بنیں گے، قومی ترقی کے ثمرات پائیں گے، تعلیم، روزگار، کاروبار اور زندگی کے تمام شعبوں میں ہراول دستہ بنیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے نوجوانوں کو فیصلہ ساز بنائیں گے، قیام پاکستان کی طرح ایک اسلامی فلاحی، ترقی یافتہ اور معاشی طور پر خودمختار پاکستان کا خواب بھی سچ ہو کر رہے گا۔