اسلام آباد : سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے قریبی ذرائع نے سابق صدر کی پاکستان منتقلی اور راولپنڈی کے اسپتال میں زیر علاج ہونے کی خبروں کی تردید کردی۔
پرویز مشرف کے قریبی ذرائع کے مطابق ان کی پاکستان منتقلی کی خبریں درست نہیں ہیں، پرویز مشرف تاحال دبئی میں ہیں، ان کو دبئی سے پاکستان شفٹ کرنے کی سوشل میڈیا پر زیرگردش خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قل سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو دبئی سے پاکستان منتقل کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔اطلاعات میں دعویٰ کیا جارہا تھا کہ پرویز مشرف کو تین دن قبل دبئی سے اسلام آباد منتقل کیا گیا اور وہ راولپنڈی کے ایک اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
پرویز مشرف کی وجہ سے اسپتال کی سکیورٹی سخت کرنے کی خبریں بھی سامنے آئیں، اس حوالے سے بتایا گیا کہ معمول کے تحت سکیورٹی الرٹ کیا گیا ہے۔