ضمنی انتخابات کو شفاف بنائیں ورنہ نوجوان پولنگ اسٹیشن نہیں چھوڑینگے، شیخ رشید

408

سربراہ عوامی مسلم لیگ و سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات کو شفاف بنائیں ورنہ نوجوان پولنگ سٹیشن نہیں چھوڑینگے،عید کے بعد چاروں حلقوں میں ایک ایک جلسہ کروں گا۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ عمران خان 2 تاریخ کو پر امن جلسہ کرنے جارہا ہے،عمران خان کیساتھ 2 تاریخ والے جلسے کیلئے لال حویلی سے نکلوں گا، جو کچرا اکٹھا کیا گیا تھا عمران خان ایک ٹھوکر میں سارے انڈے غرق کر دے گا۔

 انہوں نے کہا کہ انتخابات کروا کر غیر ملکی ایجنڈے کی تباہی سے بچا جاسکتا ہے اور منصفانہ انتخابات کرائے جائیں سب مسئلے حل ہو جائیں گے۔  لاہور جب جاگتا ہے تو پورا پاکستان اس ٹرینڈ کو فالو کرتا ہے اور لاہور میں دو جگہ لوگ ن لیگ کے مخالف نظر آئے۔ ن لیگ کے لیے مار کھانے والوں کو ضمنی انتخابات کا ٹکٹ نہیں ملا۔

انہوں نے کہا کہ بی اے پی، شیرپاؤ گروپ اور دیگر جماعتیں نظر نہیں آ رہیں اور سارا کچرا جو اکٹھا کیا گیا عمران خان ایک ٹھوکر میں ختم کر دیں گے۔ جولائی اہم ہے اور عید سے پہلے بہت اہم دن ہیں۔

سابق وزیرداخلہ نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی اور پٹرول کی روزانہ بڑھتی قیمتوں کے باعث غریب آدمی نے پیدل چلنا شروع کر دیا ہے، پاکستان میں پہلا موقع ہے جب بل آئیں گے جس میں 35 سے40 فی یونٹ اضافہ ہوگا۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ چین میں ترقی پذیر ممالک کی کانفرنس میں پاکستان کو نہیں بلایا گیا۔ کراچی میں دو انتخاب ہوئے اور دونوں میں گولیاں چلیں لیکن اگر کسی جگہ پی ٹی آئی کو ہرانے کی کوشش کی تو یہ لوگ نہیں چھوڑیں گے۔ اتحادیوں میں بعض ان سے نالاں ہیں اور گزشتہ روز وسیم اختر نے کہا بہت ہو گیا۔