اسلامی نظریاتی کونسل کا بلاسود معیشت کیلیے وزیراعظم سے کردار ادا کرنے کا مطالبہ

463

اسلام آباد : اسلامی نظریاتی کونسل نے بلاسود معیشت کے لیے اسٹیٹ بینک کی اپیل واپس لینے میں کردار ادا کرنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ دیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل نے وزیراعظم شہباز شریف کے نام خط لکھا ہے جس میں ان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ بلاسود معیشت کے لیے اسٹیٹ بینک کی اپیل واپس لینے میں اپنا کردار ادا کریں۔

اسلامی نظریاتی کونسل کی جانب سے وزیراعظم کو ارسال کیے گئے خط میں تجویز دی گئی ہے کہ وہ اس معاملے پر ماہرین پر مشتمل ٹاسک فورس تشکیل دیں جو فیڈرل شریعت عدالت کے فیصلے پر تحفظات کا جائزہ لے اور اس فیصلے پر عملدرآمد کی راہ ہموار کرنے کے لیے سفارشات مرتب کرے۔

اسلامی نظریاتی کونسل نے اپنے مراسلے میں مجوزہ ٹاسک فورس میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔ یاد رہے کہ وفاقی شرعی عدالت نے 19 سال بعد کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ملک میں رائج سودی نظام کوخلاف شرع قرار دیتے ہوئے کہ ربا اور سود سے متعلق قوانین شریعت سے متصادم ہیں۔

تحریری فیصلے میں وفاقی شرعی عدالت نے سودی قوانین میں 31 دسمبر 2022ءتک ترامیم کی ہدایت کرتے ہوئے ملک کو 31 دسمبر 2027ءتک ربا فری بنانے کا حکم دیا تھا۔