بی جے پی کی پالیسیوں سے بھارت کا وجود خطرے میں ہے، یشونت سنہا

237

نئی دہلی: بھارت میں اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ صدارتی امیدوار یشونت سنہا نے کہا ہے کہ یہ انتخاب بی جے پی کے آمرانہ طرز حکومت کے خلاف مزاحمت کی طرف ایک قدم ہے۔

میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے  یشونت سنہا نے کہا کہ یہ انتخاب بھارت کے صدر کے انتخاب سے کہیں بڑ ھ کر ہے،یہ الیکشن حکومت کی آمرانہ پالیسیوں کے خلاف مزاحمت کی طرف ایک قدم ہے۔

انہوں نے کہاکہ  یہ انتخاب بھارت کے لوگوں کے لیے ایک پیغام ہے کہ بی جے پی پالیسیوں کے خلاف مزاحمت ہونی چاہیے، ایک فرد کو بلند کرنا پوری برادری کی بلندی کو یقینی نہیں بناتا جبکہ کسی برادری کی ترقی کا انحصار حکومت کی طرف سے چلائی جانے والی پالیسیوں پر ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری جمہوریت، ہمارے آئین کو خطرہ ہے اور آزادی کی جدوجہد کی تمام اقدار خطرے میں ہیں لہذا بھارت کے وجود کو خطرہ ہے اور لوگوں کو ملک کی حفاظت کے لیے اٹھنا ہوگا۔

یشونت سنہانے کہا کہ حکومت کی تفتیشی ایجنسیوں کا سیاسی مقاصد کے لیے اتنا غلط استعمال کبھی نہیں ہوا جتنا آج ہو رہا ہے، اگر وہ منتخب ہوئے تو سیاسی مخالفین کو نشانہ بنانے کے لیے سرکاری ایجنسیوں کے غلط استعمال کو فوری طور پر ختم کریں گے اور انصاف کی بالادستی کو یقینی بنائیں گے۔