کراچی:تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کےترجمان سندھ ارسلان تاج نے کہا ہے کہ زرداری مافیا پورا الیکشن ہائی جیک کرنے کی کوشش کی ہے، دن دہاڑے اس قسم کے واقعات سے الیکشن کی شفافیت پر سوال اٹھتے ہیں۔
بلدیاتی الیکشن کے دوران پیش آنے والے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ارسلان تاج نے کہا کہ دن دہاڑے ضلع کندھکوٹ میں پولنگ اسٹیشن سے انتخابی عملے اغوا کرلیا گیا تھا،پولیس، الیکشن کمیشن اور دیگر ادارے کہاں سوئے ہوئے تھے؟
ارسلان تاج نے کہاکہ یہ پیپلز پارٹی اور زرداری مافیا کے جنگل کا قانون ہے، سندھ کے ہر ضلعے سے بدنظمی اور دھاندلی کی خبریں موصول ہوتی رہی ہیں، جو کچھ ہورہا تھا سب کے سامنےتھا، مگر دیکھنے والوں کی آنکھیں بند ہیں، کیا اس اہم معاملے پر اتوار کو عدالتیں کھولی جائیں گی؟
انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی قیمتی جان کے نقصان کی ذمہ داری پی پی کی حکومت پر عائد ہوگی، الیکشن کمیشن پیپلز پارٹی کے خلاف فوری کارروائی کرے، انتخابات کے عمل میں دہشت گردی پھیلانے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائے۔