”شہباز شریف نے سود پر فیصلے کیخلاف اپیل کی تو مزاحمت کریں گے“

373

ملتان: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ کرپشن کی وجہ سے پاکستان تباہ ہو رہا ہے، انصاف کے دروازے بند ہو چکے اور ملک میں خانہ جنگی کا خطرہ ہے، پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی ایک ہی پالیسی ہے کھا پیو عیش کرو، کشمیر کو بیچنے میں پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم برابر کی شریک ہیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے سودی معیشت، مہنگائی اور آئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف جماعت اسلامی کے تین روزہ ٹرین مارچ کے دوسرے روز کے آغاز پر ملتان روانگی سے قبل خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ حکومت سے کہتا ہوں مہنگائی ختم کریں، ٹرین مارچ غریب عوام کے لیے ہے،ٹرین مارچ کے اختتام پر راولپنڈی سے روات کی طرف مارچ کروں گا۔ میرے مارچ کا مقصد صرف مہنگائی کا خاتمہ ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے ان حالات میں غریب عوام کیا کرے، مہنگائی کی وجہ سے جرائم میں اضافہ ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ شہباز شریف، آصف زرداری اور عمران خان میں کیا فرق ہے ؟ یہ تمہاری دانائی ہے جتنا بجٹ اعلان کیا، 4 ہزار ارب اس میں سے قرض دینا ہے، نوجوان بے روزگار ہو رہے ہیں اور کاروباری طبقہ اس وقت بہت پریشان ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کی وجہ سے پاکستان تباہ ہو رہا ہے، 15فیصد سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا مگر 45 فیصد بلوں میں اضافہ کر دیا، اس حکومت نے پیٹرول کو سونے کے برابر بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی نہروں میں پانی خشک ہے فصلیں تباہ ہو رہی ہیں، آج ڈگری ہولڈرز بے روزگار ہیں نوکری نہیں مل رہی۔

سراج الحق نے کہا کہ اس وقت پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کا مقابلہ ہے، نالائق اور سپر نالائق کا مقابلہ ہے۔ حکمرانوں کے کاروبار اور خزانوں میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ حکمران آٹا مافیا،ڈرگ مافیا اورلینڈ مافیا کے نمائندے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انصاف کے دروازے بند ہوچکے ہیں اور ملک میں خانہ جنگی کا خطرہ ہے۔ 9 ہزار 500 ارب روپے کا بجٹ پیش کیا گیا اور 45 فیصد گیس کی قیمت میں اضافہ کیا گیا۔

سراج الحق نے کہا کہ پی ڈی ایم کرپٹ اور جاگیرداروں کا کلب ہے، پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی ایک ہی پالیسی ہے کھا پیو عیش کرو، کشمیر کو بیچنے میں پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم برابر کی شریک ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم بغاوت کا اعلان کرتے ہیں، آئی ایم ایف کی مان کر عوام کو نچوڑ دیا گیا ہے، حکمرانوں کو شرم نہیں آتی جلسے کرتے ہیں، ان لوگوں نے نظریہ پاکستان کے ساتھ بے وفائی کی ہے۔