سری لنکا کے خلاف سیریز کیلئے 18 رکنی قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان

316

لاہور: چیف سلیکٹر محمد وسیم نے دورہ سری لنکا کے لیے 18 رکنی قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے قومی ٹیم کے 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جبکہ طویل دورانیے کے کھیل میں لیگ اسپنر یاسر شاہ کی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔

اس کے علاوہ 18 رکنی قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں تین اوپنرز، چار مڈل آرڈر بیٹرز، تین آلراؤنڈرز، دو وکٹ کیپرز، دو اسپنرزاور چار فاسٹ باؤلرز شامل ہیں۔

مکمل فٹنس حاصل کرنے والے یاسر شاہ کے علاوہ سلمان علی آغا کی بھی قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں واپسی ہوئی۔ انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 4224 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 88 وکٹیں بھی حاصل کررکھی ہیں۔

انجری کے باعث آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈ سے باہر ہونے والے محمد نواز کو دورہ سری لنکا کے لیے دوبارہ قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

قومی ٹیم کا اسکواڈ:

بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان (نائب کپتان، وکٹ کیپر)، عبداللہ شفیق، اظہر علی، فہیم اشرف، فواد عالم، حارث رؤف، حسن علی، امام الحق، محمد نواز، نسیم شاہ، نعمان علی، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور یاسر شاہ شامل ہیں۔

دوسری جانب سیریز کے لیے قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا تربیتی کیمپ 26 جون سے راولپنڈی میں شروع ہوگا۔ قومی اسکواڈ 6 جولائی کو سری لنکا کے لیے روانہ ہوگا۔