آزاد جموں و کشمیر میں شدید بارش سے دریائے جہلم میں طغیانی، سیلاب کا الرٹ جاری

480

مظفر آباد / راولپنڈی: آزاد جموں و کشمیر میں شدید بارش کی وجہ سے دریائے جہلم میں طغیانی آگئی، جس کے بعد حکام نے سیلاب سے متعلق الرٹ جاری کرتے ہوئے انتظامیہ کو ہمہ وقت کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کا حکم جاری کردیا-

کمشنر راولپنڈی کے ترجمان کے مطابق آزاد کشمیر میں شدید بارش کے بعد سیلابی ریلا ممکنہ طور پر پلندری سے ہوتا ہوا کہوٹہ پہنچے گا، جس کی وجہ سے کہوٹہ سے آزاد کشمیر کی جانب جانے والے تینوں راستے ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کردیے گئے ہیں اور کسی کو بھی آزاد کشمیر کی جانب جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

راولپنڈی ضلعی انتظامیہ سمیت دیگر تمام  متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے کہ وہ آزاد کشمیر کی مقامی انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں رہیں اور صورت حال کے مطابق ممکنہ ہنگامی حالات پر فوری قابو پانے کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں۔