معیشت وینٹی لیٹر پر اور سیاسی نظام آئی سی یو میں ہے، سراج الحق

397
vision

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ معیشت وینٹی لیٹر پر اور پورا سیاسی نظام آئی سی یو میں ہے، تینوں حکمران جماعتوں کی مفادات کے لیے لڑائی میں عوام سینڈوچ بن گئے۔

سراج الحق نے کہاکہ پارلیمنٹ کے اندراور باہر ہونے والے فیصلوں میں قومی پر ذاتی مفادات کو ترجیح دی جاتی ہے، پی ٹی آئی کی طرح پی ڈی ایم اور پیپلزپارٹی کی اتحادی حکومت بھی ناکامیوں کا ملبہ سابقہ حکمرانوں پر ڈال رہی ہے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان  نے کہا کہ  ثابت ہو گیا کہ تینوں بڑی پارٹیوں کے پاس ملک کو معاشی، آئینی اور سیاسی بحرانوں سے نکالنے کےلئے کوئی لائحہ عمل موجود نہیں، کرپٹ مافیا سیاست پر قابض، حکمرانوں کی پالیسیاں میرا چور زندہ باد اور آپ کا چور مردہ باد کے علاوہ اور کچھ نہیں۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ تینوں پارٹیوں نے اپنے اپنے ادوار میں آئی ایم ایف کی چوکھٹ پر سجدے دیے اور عوام کے گلے میں غلامی کا طوق ڈالا۔ عوام سمجھ چکے ہیں کہ پاکستان حکمران صرف استحصالی نظام کی رکھوالی پر مامور ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ  حقیقی تبدیلی اس وقت آئے گی جب لوگ کرپشن فری جماعت اسلامی کا ساتھ دیں گے۔ بے داغ قیادت ہی ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنا سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  حکمران جماعتوں سے وابستہ لیڈروں کا شروع سے ہی فلسفہ ہے کہ خود کو بچاﺅ اور اداروں کو کمزور کرو۔ہر حکومت نے احتساب سمیت دیگر قومی اداروں کو اپنے مقاصد کے حصول کے لیے استعمال کیا۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل کے لیے عوام کو بھرپور طریقے سے آواز اٹھانا ہو گی۔ اس وقت جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو حقیقی اپوزیشن اور ملک میں اسلامی نظام کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔قوم نے فوجی ڈکٹیٹروں اور نام نہاد جمہوری ادوار کو دیکھ لیا، اب ایک موقع اسلامی نظام کو ملنا چاہیے۔