کراچی: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 240 میں ضمنی انتخابات کے دوران ہنگامہ آرائی کے مقدمہ میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پی ایس پی اور ٹی ایل پی کے 29 کارکنوں کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا-
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں سماعت کے دوران عدالت نے پی ایس پی کے 13 اور ٹی ایل پی کے 16 کارکنوں کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا، قبل ازیں خصوصی عدالت کے روبرو این اے 240 ضمنی انتخابات میں ہنگامہ آرائی کے مقدمے کی سماعت میں پولیس نے پی ایس پی اور ٹی ایل پی کے کارکنوں کو عدالت میں پیش کیا-
پولیس نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔ عدالت نے ملزمان کو 25 جون تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ واضح رہے کہ ایک مقدمے میں پی ایس پی چیئرمین مصطفی کمال اور ٹی ایل پی سربراہ علامہ سعد رضوی بھی نامزد کیا گیا ہے۔ پولیس پولیس کے مطابق انتخابات کے دوران ہنگامہ آرائی کے واقعات کے 4 مقدمات درج کیے گئے تھے۔