اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ عمران خان کی چیخیں صرف اپنی چوری اور کرپشن چھپانے کے لئے نکل رہی ہیں،نیب ترمیم سے موجودہ کیسز پہ کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
عمران خان کے نیب قانون میں ترمیم سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہاکہ شہباز شریف آج بھی جھوٹے الزامات کے باوجود پیشیاں بھگت رہے ہیں ،عمران صاحب جھوٹے منافق فتنہ ہیں اور ہر بات پہ عوام کو گمراہ کرتے ہیں،عمران صاحب روئیں، پٹیں یا چیخیں ماریں، عوام نے آپ کو مسترد کر دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ چار سال کی چوری، کرپشن اور نالائقی عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکی ہے ،نیب، ایف آئی اے اور وزیراعظم کی کرسی استعمال کرکے بھی عمران صاحب اپنے الزامات ثابت نہ کرسکے،ہیرے لے کر فیکٹریوں کے گیٹ کھلوانے والے کو نیب ترامیم کی یاد آگئی ہے۔
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ جیل میں عمران صاحب آپ اور چیئرمین نیب کو ہونا چاہئے جو پونے چار سال قانون اور انصاف کی دھجیاں اڑاتے رہے ۔ نیب، ایف آئی اے اور وزیراعظم کی کرسی استعمال کرکے بھی عمران صاحب اپنے الزامات ثابت نہ کرسکے۔عمران صاحب بنی گالہ میں دو جھنڈوں کے درمیان بیٹھ کر انقلاب نہیں آتا۔