گورنر کے اسمبلی آرڈیننس کیخلاف فوری حکم امتناع کی استدعا مسترد

177

لاہور: ہائی کورٹ نے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کی گورنر کے آرڈیننس کے خلاف فوری حکم امتناع جاری کرنے کی استدعا مسترد کردی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں اسپیکرپنجاب اسمبلی کی گورنر کے آرڈیننس پر فوری حکم امتناع جاری کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے فوری حکم امتناع جاری کرنے کی استدعا رد کرتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو معاونت کے لیے طلب کرلیا۔

عدالت نے پنجاب حکومت سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرکے 24 جون کو جواب طلب کرلیا۔

جسٹس ساجد محمود سیٹھی کا کہنا تھا کہ ہم نے حلف لیا ہوا ہے اسی کے مطابق کیس کی سماعت کریں گے، جواب آجائے پھر فیصلہ کر دیں گے۔

خیال رہے کہ چوہدری پرویزالہی نے گورنر کا اسمبلی سے متعلق آرڈیننس ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ گورنر نے 14 جون کو اسمبلی سے متعلق آرڈیننس جاری کیا، گورنر نے  پنجاب لاز ریپلنگ اینڈ ڈیفیکلٹی آرڈیننس جاری کیا، آرڈیننس سے سیکرٹری اسمبلی کے اختیارات محدود ہوگئے۔

درخواست میں کہا گیا کہ اجلاس نوٹیفائی یا ڈی نوٹیفائی کرنے کا اختیار سیکرٹری قانون کو دے دیا گیا، گورنرکا جاری کردہ آرڈیننس رولز آف اسمبلی سے متصادم ہے، آرڈیننس کو آئین سے متصادم قرار دے کرکالعدم قرار دیا جائے۔