چین کے صوبے سیچھوان میں1ہزار100 سے زیادہ قدیم مقبرے دریافت

314

ماہرین آثار قدیمہ نے چین کے جنوب  مغربی صوبے سیچھوان کی یان یوآن کاونٹی میں 1ہزار100 سے زیادہ  قدیم مقبرے دریافت کیے ہیں جن کا تعلق آخری شانگ عہد(1600 قبل مسیح سے1046 قبل مسیح) اور ابتدائی مغربی ہان عہد(202 قبل مسیح سے 25 عیسوی) سے ہے۔صوبائی دارالحکومت چھینگڈو کے ثقافتی آثار اور آثار قدیمہ کے تحقیقی ادارے کے مطابق، اپریل 2020 میں  کھدائی کے آغاز کے بعد سے لاولونگ تو کے کھنڈرات کے مقام سے مٹی،  کانسی ، لوہے، سونے اور چاندی کے برتنوں سمیت 5ہزار سے زائد نمونے برآمد ہوئے ہیں۔ ماہرین آثار قدیمہ کا کہنا تھا کہ زیادہ تر مٹی کے برتن ایسے ہیں جن کے ہینڈل ہوتے ہیں۔ کانسی کے برتنوں میں مکمل طور پر محفوظ ٹیکسٹائل آلات کا ایک سیٹ، تین پہیوں والی کانسی کی گاڑی جو چین میں اپنی نوعیت کے قدیم ترین ماڈلز میں سے ایک خیال کی جاتی ہے اور شاخ نما کانسی کی بنی مختلف  چیزیں  جو منفرد مقامی عقائد اور عبادات میں استعمال کی جاتی تھیں شامل ہیں۔انسٹی ٹیوٹ کے نائب سربراہ ژو ژی چھیانگ کا کہنا ہے کہ  یہ کھدائی جنوب مغربی سیچھوان اور مغربی یوننان میں کانسی کی ثقافت کی ترقی کے مطالعہ کے لیے بہت اہمیت کی حامل ہے اور چین  کے جنوب مغربی علاقے میں نسلی گروہوں کے درمیان تعلق کا ثبوت فراہم کرتی ہے۔