اسلام آباد: بجلی کے شارٹ فال سے نمٹنے و عوام کو لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات دلانے کے لیے پنجاب بھر کی طرح جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد میں بھی کاروباری و تجارتی مراکز کے لیے اوقات کار مقرر کر دیے گئے۔
نئے اوقات کار کے مطابق کاروباری مراکز، شاپنگ مالز بازار، مارکیٹوں و دکانوں میں شب 9 بجے تک کاروبار جاری رہ سکے گا جبکہ ریسٹورنٹس، ہوٹلز، کیفے و کلب تندور سینما و تفریح مقامات شب ساڑے گیارہ بجے تک کھلے رکھے جا سکیں گے۔
اسی طرح فارمیسیز میڈیکل اسٹورز، اسپتالوں سمیت پیڑول پمپس سی این جی اسٹیشنز، دودھ دہی کی دکانوں، صنعتوں و فیکٹریز اور موٹر وے و ہائی ویز پر سروس ایریاز و ٹائز شاپ وغیرہ کو اوقات کار کی پابندی سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔
شادی ہالز کے لیے شب دس بجے تک کی پابندی برقرار رکھی گئی ہے جبکہ ہفتے کے دن عوام کی سہولت کے لیے اوقات کار کی پابندی عائد نہیں ہوگی تاہم ہفتہ وار تعطیل کے لیے بھی تاجروں و کارباری طبقے کو سہولت کے مطابق انکی ثواب دید پر چھوڑا گیا ہے جس کے تحت وہ جمعہ یا اتوار کے دن ایک دن کی تعطیل کر سکتے ہیں۔
پابندیوں کا اطلاق پیر 20 جون سے ہوگا۔ ادھر تاجروں و کاروباری طبقے کی جانب سے پابندیوں پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا یے کچھ تاجر موجودہ حالات میں پابندیوں کو درست اور کچھ عید کی آمد کے باعث اوقات کار کی پابندی کو تاجروں و کاروباری طبقے کا معاشی قتل قرار دے رہے ہیں جبکہ عوام نے بجلی بحران پر قابو پانے کے لیے اوقات کار کی پابندیوں کو خوش آئند قرار دیا ہے۔