لاہور ائیر پورٹ کے عملے کی فرائض کی ادائیگی کی اعلیٰ مثال

448

لاہور: لاہور ائیر پورٹ کے عملے نے فرائض ادائیگی کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے ڈالروں سے بھرا بیگ ٹورنٹو جانے والے مسافر کو واپس پہنچا دیا۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی لاہور سے ٹورنٹو جانے والی 16 جون کی پرواز پی کے 789 کا مسافر لاہور ایئرپورٹ کے چیک ان کاؤنٹر پر اپنا بیگ بھول گیا جس میں 3,035 کینیڈین ڈالر اور کچھ دستاویزات موجود تھیں۔

پرواز کی روانگی کے بعد پی آئی اے کے عملے کو جب بیگ ملا تو انہوں نے تحویل میں لے لیا اور فلائٹ کی ٹورنٹو آمد پر مسافر سے رابطہ کر کے اطلاع دی، مسافر کی جانب سے اپنے رشتہ دار کے نام ایک اتھارٹی لیٹر بھیجا جس کے بعد ایئرپورٹ اسٹیشن منیجر کے دفتر نے دستاویزات اور رقوم سے بھرا بیگ مسافر کے رشتہ دار کے حوالے کر دیا۔ پی آئی اے کے عملے کی ایماندارانہ فرائض ادائیگی کو مسافر نے سراہا اور پی آئی اے حکام کا شکریہ ادا کیا۔