اینٹی کرپشن نے لاہور میں کارروائی کرتے ہوئے لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ، محکمہ مال اور محکمہ تعلیم کے ملازمین کو گرفتارکر لیالا ہے۔ اینٹی کرپشن لاہور ریجن (بی)نے محکمہ اسکول ایجوکیشن قصور میں جعلی کاغذات کی بنیاد پر ملازمت حاصل کرنے والا ملزم گرفتار کرلیا۔ اینٹی کرپشن حکام نے بتایا کہ
ملزم امجد علی 2016 میں بطور ایجوکیٹر محکمہ سکول ایجوکیشن میں بھرتی ہوا جبکہ 2021 میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔ مقدمہ کی پیروی نہ کرنے پر امجد علی کو اشتہاری قرار دیا گیا جبکہ ملازمت کے دوران تنخواہ کی مد میں امجد علی نے سرکاری خزانہ کو ساڑھے 4 لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا۔ دوسری جانب سیالکوٹ سے اینٹی کرپشن گوجرانوالہ نے رشوت خور پٹواری کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
پٹواری ملک امجد نے شہری سے جائیداد کا انتقال درج کرنے کیلئے ایک لاکھ روپے رشوت وصول کی۔ کارروائی کے دوران ملک امجد سے رشوت کے نشانذدہ نوٹ بھی برآمد کئے گئے۔ ملزم کے خلاف تھانہ اینٹی کرپشن سیالکوٹ میں مقدمہ 10/22 درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ سیالکوٹ سے محکمہ لوکل گورنمنٹ کا سیکرٹری یونین کونسل سجاد رسول کو گرفتار کیا گیا جو سیالکوٹ کے علاقے بدوکے چیمہ میں تعینات تھا۔ شہری کو اسکے والد کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کرنے کیلئے ملزم نے 20ہزار روپے رشوت وصول کی۔ ملزم کو ٹریپ ریڈ کے ذریعے گرفتار کیا گیا اور رشوت کے نشانذدہ نوٹ بھی برآمد کیا گیا۔