اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ن لیگ اور پی پی پی کی یوسیز اور حلقہ بندیوں سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران سیکریٹری داخلہ اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں ۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کیس کی سماعت کی۔دورانِ سماعت وکیل قاضی عادل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے کہہ دیا ہے کہ 101یونین کونسلز ہونی چاہئیں، الیکشن شیڈول آچکا، کل کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ ہے، الیکشن کمیشن کے مطابق 50، حکومتی نوٹیفکیشن کے مطابق 101یوسیز ہیں، الیکشن کمیشن نے یکم جولائی کو بلدیاتی الیکشن کرانے کا شیڈول دیا ہے، 20 ہزار کی ایک یونین کونسل بنانے کا گزشتہ حکومت نے بھی کہا تھا۔
عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ امید ہے کہ الیکشن کمیشن وزارتِ داخلہ کے نوٹیفکیشن کے تناظر میں درخواست دیکھے گا۔عدالت نے سیکرٹری وزارتِ داخلہ اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیئے۔
عدالت نے فریقین کو آئندہ پیر تک پیراوائز کمنٹس اور جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کاغذاتِ نامزدگی کی تاریخ میں توسیع کی بھی درخواست دیکھے گا۔
عدالت نے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔