شہباز شریف اور انڈونیشیا کے صدر کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ

440

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہبازشریف نے انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس دوران  صدر ودودو نے وزیر اعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ ٹیلیفونک گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے ثقافتی اور مذہبی وابستگی کی مضبوط بنیاد اور بڑھتے ہوئے تعاون پر مبنی پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے 2018 میں صدر جوکو ویدوڈو کے دورہ پاکستان اور اس کے خاطر خواہ نتائج  کا تذکرہ کیا جو پاکستان اور انڈونیشیا اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوئے۔ وزیراعظم نے انڈونیشیا کو خوشحالی اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں صدر جوکو ویدودو کی قیادت کو بھی سراہا۔

دونوں رہنمائوں نے اعلی سطح کے تبادلوں سمیت تمام جہتوں میں باہمی فائدہ مند تعاون کو مزید وسعت دینے اور گہرا کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے کی پاکستان کی خواہش  کا اعادہ کیا۔ صدر ودودو نے اس جذبات کا جواب دیا۔

اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں فریق انڈونیشیا سے پام آئل کی مستقل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے قریبی تعاون کریں گے۔وزیراعظم نے صدر جوکو ویدوڈو کو پرخلوص دعوت دی اور کہا کہ پاکستانی عوام جلد از جلد ان کا استقبال کرنے کے منتظر ہیں۔