عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اضافہ ہو گیا۔ امریکی خام تیل کی فی بیرل قیمت 123 ڈالر، برطانوی خام تیل کی فی بیرل قیمت 124 ڈالر تک پہنچ گئی۔
عالمی بینک نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ رواں سال خام تیل کی قیمتوں میں 42 فیصد تک اضافہ ہو گا جس سے دیگر اشیا 18 فیصد تک مہنگی ہو جائیں گی۔
ڈیوڈ مالپاس کا کہنا ہے کہ یوکرین جنگ کی وجہ سے بہت سے ممالک کیلئے کساد بازاری سے بچنا مشکل ہو جائے گا جبکہ اجناس کی قلت کی وجہ سے دنیا بھرمیں قحط پھیلنے کا بھی خدشہ ہے۔ عالمی بینک نے عالمی شرح نمو 4.1 فیصد سے کم کرکے 2.9 فیصد کر دی۔
دوسری طرف عالمی مارکیٹ میں ملائیشین پام آئل کی فی ٹن قیمت میں 4 ڈالر، 32 سینٹ کی کمی دیکھی گئی جس کے بعد فی ٹن پام آئل ایک ہزار، 533 ڈالر کا ہو گیا۔عالمی مارکیٹ میں سونا 2 ڈالر کی کمی سے ایک ہزار، 854 ڈالر فی اونس ہو گیا۔ فی اونس چاندی 39 سینٹ سستی ہو کر 22ڈالر،5سینٹ کی ہو گئی۔ پلاٹینم 5 ڈالر کمی سے ایک ہزار، 5ڈالر اور پلاڈیئم 4ڈالر، 30سینٹ کمی سے ایک ہزار، 933 ڈالر فی اونس ہو گئی ۔