اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن )کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ استحکام کا معاملہ حل ہوچکا ہے، 17 اکتوبر تک معاملات بہتر ہوجائیں گے۔ احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ 4 سال کی کوتاہیوں کے اثرات ایک دن میں ختم نہیں ہوتے، ملک کے معاملات کو درست کرنے میں وقت چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سب کو مل کر محنت کرنا ہوگی اور ان معاملات کو حل کرنا ہوگا، کوشش ہے کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کو کم کیا جائے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ 15 جون کے بعد لوڈ شیڈنگ 3 گھنٹے ہوگی جبکہ 30 جون تک امید ہے کہ لوڈ شیڈنگ 2 گھنٹے کے لگ بھگ ہوجائے گی۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے ملک کو تباہ کردیا ہے، عمران خان جواب دیں کہ وہ 4 سال کرتے کیا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب کا ادارہ ختم کرنا ملکی مفاد میں ہے، مسلم لیگ ن کے جتنے بھی کیسز ہیں نیب کے خاتمے کے بعد چلتے رہیں، ہمارے کیسز کا حال یہ ہے کہ کوئی پراسیکیوشن نہیں ہورہی۔