پی ٹی آئی کو دعوت دیتے ہیں اسمبلی میں آ ئے، خورشید شاہ

515

اسلام آباد: وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان حکومت میں تھے تو انکارویہ یہی تھا اور اب بھی وہی ہیں جبکہ معاملات افہام و تفہیم سے حل کیے جا سکتے ہیں۔

خورشید شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم پی ٹی آئی کو دعوت دیتے ہیں اسمبلی آ جائیں، ابھی تک وہ ممبران اسمبلی ہیں۔خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان جو باتیں کر رہا ہے اس کا فیصلہ آئین و قانون کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ سامنے والی پارٹی جب اقتدار میں تھی اس وقت بھی وہ بضد تھے اور آج بھی ملک کے ٹکڑے ٹکڑے کرنے اور نیو کلیئر جیسے بیانات دیئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم جھگڑا نہیں چاہتے ہیں، آج بھی ہم ان کو کہتے ہیں آجائیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ لانگ مارچ سے قبل تحریک انصاف نے چھپ کر ہم سے رابطہ کیا جس کے حوالے سے ایاز صادق نے مجھے بتایا کہ پرویز خٹک اور اسد قیصر ملنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اسد قیصر اور پرویز خٹک سے ملاقات کی، ملاقات کے بعد دونوں رہنمائوں نے کل دوبارہ ملاقات کا کہہ کر چلے گئے، دوسرے دن ہم انتظار کرتے رہے لیکن وہ ملاقات کے لئے نہیں آئے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست بیک ڈور کی نہیں اور اس وقت تحریک انصاف سے کوئی بیک ڈور رابطے نہیں ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ پہلے بھی چارٹر آف اکانومی پر بات کی تھی تو کھل کر کی تھی، اب بھی اب بات ہوگی تو وہ کھل کر آکر بات کریں۔