طالبان کی بھارت کو دفاعی تعلقات کے لئے پیشگی شرائط

403

طالبان کے وزیر دفاع ملا یعقوب نے کہا کہ انھیں انڈیا کے ساتھ دفاعی تعلقات بحال کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے لیکن انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ پہلے دونوں حکومتوں کے درمیان سفارتی تعلقات بحال ہونے چاہییں۔ طالبان وزیر دفاع نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر دونوں حکومتوں کے درمیان تعلقات معمول پر آتے ہیں تو طالبان افغان سکیورٹی فورسز کو تربیت کے لیے انڈیا بھیجنے کے لیے تیار ہے۔

ملا یعقوب نے حکومت ہند سے کابل میں اپنا بند سفارت خانہ دوبارہ کھولنے اور طالبان سفیر کو نئی دہلی میں افغان سفارت خانہ سنبھالنے کی اجازت دینے کا بھی مطالبہ کیا۔وزیر دفاع نے کہا ہے کہ اگر انڈیا اپنے سفارتی عملے کو افغانستان واپس بھیجتا ہے تو طالبان کسی بھی قسم کی حفاظتی ضمانت دینے کے لیے تیار ہیں۔ اس سے قبل یہ بات دوحہ میں طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے بھی کہی تھی۔

ملا یعقوب نے سی این این نیوز 18 کے ساتھ انٹرویو کے دوران اس بات کا اعادہ کیا کہ طالبان حکومت ہند سمیت دنیا کے تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کی خواہاں ہے۔ ملا یعقوب نے گذشتہ چند مہینوں کے دوران افغانستان کے لیے انسانی امداد فراہم کرنے پر انڈیا کا شکریہ ادا کیا ہے۔