ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے عملے نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے بحرین جانے والے ایک مسافر کے سامان سے ہیروئن برآمد کرلی۔
ترجمان اے ایس ایف کا کہنا ہے کہ مسافر حضرت بلال بحرین جانے کے لیے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچا تھا، مسافر کے سامان کی اسکیننگ کے دوران بیگ میں موجود ذاتی استعمال کے کچھ آئٹمز کو اے ایس ایفکے ماہر افسران نے مشکوک قرار دیا، عملے نے سامان کی تلاشی کے دوران سفری بیگ کے اندر موجود شیمپو کی بوتل میں 65 کیپسولز میں پیک کی گئی 524 گرام ہیروئن برآمد کرلی۔
ترجمان اے ایس ایف کے مطابق مسافر سے برآمد ہونے والی منشیات کو کیپسولز میں مہارت سے چھپایا گیا تھا، منشیات ضبط کر کے اسے اسلام آباد سے بحرین اسمگلنگ کی کوششں ناکام بنا دی گئی ہے۔ ملزم حضرت بلال کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ منشیات سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے اے این ایف حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔