اسلام آباد:عوامی مسلم لیگ کے رہنما شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ باپ کا حقیقی باپ بھی سوچ رہا ہو گا یہ کیا ہو گیا، اب عمران خان سڑکوں پر ہوگا، یہ حکومت نہیں چل سکتی چاہے ٹانگیں اوپر اور سر نیچے کر لے۔
شیخ رشید نے کہاکہ حکومتیں سدا نہیں رہتیں، رانا ثناءاللہ نے ملک میں بدمعاشی مچائی ہوئی ہے، رانا ثناءاللہ نے 3 بار میری بہنوں کے گھر ریڈ کرایا، 25 تاریخ کو جو کچھ اسلام آباد میں ہوا اس کی مثال نہیں ملتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر خارجہ ابھی تک بیرون ملک دوروں پر ہیں، اپنے دفتر نہیں گئے، عمران خان نے پورے 3 سال میں جتنے غیر ملکی دورے نہیں کیے ان لوگوں نے دو مہینے میں کر لیے۔
شیخ رشید نے کہا کہ ہمارے دور میں کسی فرد پر ایک ایف آئی آر نہیں کاٹی گئی، باپ کا حقیقی باپ بھی سوچ رہا ہوگا یہ کیا ہو گیا ہے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جون میں یہ جو مہنگائی کرنے جا رہے ہیں عوام سڑکوں پر ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہاکہ 15جون تک قوم انتظار کرے یہ خود سڑکوں پر آئے گی، جون کا مہینہ سیاسی طور پر فیصلہ ہو گایا غریب معاشی طور پر مر جائے گا یا امپورٹڈ حکومت سیاسی طور پر مر جائے گی، 16پاور پلانٹ بند اور16گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہے اور لوگ گرمی سے مر رہے ہیں، 60فیصد تجارتی خسارہ بڑھ گیا زرمبادلہ کے ذخائر 9ارب ڈالرز رہ گئے،موڈیز نے بھی ہمارا درجہ منفی کردیا۔