راولپنڈی: سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہاہے کہ ہے کہ پاکستان کوعالمی سازش کے تحت خانہ جنگی میں جھونکا جارہا ہے، آصف زرداری ایک انٹرویو میں تسلیم کرچکے ہیں کہ امریکی صدر جوبائیڈن ان کا دوست ہے اورمراسلے کے بارے میں اس نے مجھے کچھ نہیں بتایا۔
شیخ رشید نے کہا کہ نوازشریف اورشہبازشریف عوام کو مہنگائی کی چکی میں ڈال رہے ہیں جسے بیروزگاری بڑھے گی،چوری اورڈاکے عام ہوں گے اورخودکشیاں ہوں گی۔ ملک میں امن وامان کا مسئلہ ہوگا اورسیاسی خلفشار سے خانہ جنگی جیسے حالات پیدا ہوں گے۔
سابق وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ اجرتی قاتل رانا ثنا اللہ ملک میں صوبوں اورمرکز کو لڑانا چاہتا ہے، وزرا اعلیٰ کو دارالحکومت اسلام آباد میں داخل ہونے سے روکا جارہا ہے۔سپریم کورٹ ہی ان قوتوں کو بے نقاب کرسکتا ہے جنہوں نے ملک کو انتشار،خلفشار اورمعاشی بحران میں ڈالا۔
انہوں نے مزید کہاکہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کے پیچھے کون ہے اورکیا مقاصد ہیں۔ کشمیریوں کے خون سے غداری کرکے بھارت سے تجارت کس کے کہنے پرشروع کی جارہی ہے، عمران خان 30 فیصد کم نرخ پرروس سے گیس، گندم اورپٹرول لے رہے تھے جو آج 30 فیصد رعایت پربھارت لے رہا ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سامراجی طاقتوں نے عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کرکے روس کے ساتھ اس منصوبے کو ناکام بنا دیا اوراپنے ایجنٹوں کواقتدارمیں لے آئے۔