کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے ایس بی سی اے کو غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ بدھ کوسندھ ہائیکورٹ میں ناظم آباد بلاک 5 میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے آئندہ سماعت تک پلاٹ نمبر فائیو ای 14/23 پرغیر قانونی تعمیرات سے روکتے ہوئے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔
سماعت کے دوران عدالت نے ایس بی سی اے کو تمام فریقین کا موقف سن کرتفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سندھ حکومت اوردیگر کو نوٹس جاری کردیئے۔عدالت نے سب رجسٹرار کو مذکورہ پلاٹ کی رجسٹریشن اور ایس بی سی اے کو بلڈنگ کو کمپلیشن پلان جاری کرنے سے بھی روک دیا۔
سندھ ہائی کورٹ نے ایس بی سی اے سے دو ماہ میں تفصیلی بھی طلب کرلی۔درخواست گزارنے عدالت کے سامنے موقف پیش کیا کہ میرے پڑوس میں بلڈنگ پلان کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گرائونڈ پلس فور اسٹوری بلڈنگ تعمیر کی جارہی ہے۔ اکبر اعوان وکیل درخواست گزارنے درخواست میں عدالت سے استدعا کی کہ ایس بی سی اے کو غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے۔