عمران خان نے ہر شعبے کے ساتھ ظلم کیا وہ سدھارا کیسے جائے؟ مولانا فضل الرحمن

434

اسلام آباد: جمعیت علماءاسلام ( جے یو آئی) کے سربراہ مولا نا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ مسئلہ یہ نہیں کہ ملک کی معیشت خراب ہے مسئلہ یہ ہے کہ عمران نے جو اس ملک کے ہر شعبے کے ساتھ ظلم کیا ہے وہ سدھارہا کیسے جائے؟

مولانافضل الرحمن نے کہا کہ  اس مسئلے پر اتحادی حکومت پوری محنت سے سوچ بچار کررہی ہے، گزشتہ چار سال سے کم عرصے میں عمران نے یہودی پالیسی کے مطابق پاکستان کا ہر شعبہ تباہ کیا، دوست ممالک سے تعلقات خراب کئے، مودی دوستی میں کشمیر کے مسئلے کو سخت نقصان پہنچایا۔

سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ  عمران خان نے خود ہوشربا کرپشن کی اور سابقہ حکومتوں پر الزام لگاتا رہا، عدالتوں، اور اداروں کو دھمکیاں دینے کی ریت ڈالی، نوجوانوں کو جلسوں کے نام پر سڑکوں پر رقص کرایا، بدزبانی، او ر عوام کو تقسیم کرنے کا ہر طریقہ استعمال کیا۔

فضل الرحمن نے کہا کہ ان خرابیوں کا مقابلہ کرنے کے ساتھ اتحادی حکومت کی پہلی ترجیح مہنگائی و بے روزگار ی کی دلدل میں پھنسی عوام کو ریلیف دینا ہے، مسئلہ کشمیر پر بھی عمران حکومت نے مجرمانہ پالیسی اپنائی اور مودی سے توقعات وابستہ کرکے مسئلہ کشمیر کے حل کے سلسلے میں اسے چار سال پہلے کی پوزیشن پر لے آیا۔