سرینگر،راولاکوٹ (اے پی پی،آن لائن) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں پیر کو ضلع پلوامہ میں مزید 2کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیاہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے گڈی پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔ قابض انتظامیہ نے علاقے میں انٹرنیٹ سروس معطل کردی۔آخری اطلاعات آنے تک علاقے میں فوجی آپریشن جاری تھا۔علاوہ ازیں بھارت کے غیرقانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں نے جموں خطے کے ڈوڈہ ، راجوری اور پونچھ اضلاع میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے جموں خطے کے علاقوں کاستی گڑھ ،بھگواہ ، ڈیسا ، گندوہ ، سرنکوٹ ، منجکوٹ اور مینڈھرمیں تازہ کارروائیاں شروع کیں۔بھارتی فوج اور پیراملٹری فورسز نے راجوری میں بھارتی فوج کے ہیڈکوارٹرز پراجلاس منعقد کیا۔بھارتی فوج نے ایک سرکاری بیان میں کہا کہ فوج نے پونچھ اور راجوری اضلاع میں سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔دریں اثناء بھارت کے غیر قانوی زیر تسلط جموں وکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے کہاہے کہ5اگست 2019کے بعد دہلی سے جاری کردہ احکامات اس حقیقت کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ ہماری زمینیں ، روزگار ، وسائل اور تمام چیزیں برائے فروخت رکھی گئی ہیں۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے گپکار سرینگر میں اپنی رہائش گاہ پر ایک تقریب کے موقع پر کہا کہ باہر کے لوگ یہاں کی زمینوں ، نوکریوں اور وسائل پر قبضہ کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم مل کر کام نہیں کریں گے ، مزاحمت نہیں کریں گے اور ایسی باتوں کی مذمت نہیں کریں گے تو نئی دہلی سرکار ہمارے وجود کو ہی ختم کر دے گی ۔ نوجوانوں کو جیلوںمیں ڈالنے کے بارے میں ایک صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے پی ڈی پی سربراہ نے کہا کہ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کو ایک حالیہ ملاقات کے دوران اس معاملے سے آگاہ کیا تھااور انہیں بتایاتھا کہ اگر ایسی چیزوں کو فوری طور پر نہ روکا گیا تو کشمیر کی صورتحال تبدیل نہیں ہوگی۔اپنی نقل و حرکت پر عائد پابندیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علاقائی جماعتوں کو موجودہ ماحول میں اپنے لیے جگہ تلاش کرنے کی ضرورت ہے تاکہ بھارت کے مذموم عزائم کو شکست دی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ نئی دہلی سیاسی سرگرمیوں سے خوفزدہ ہے اور انہوں نے ہمیں بدنام کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بی جے پی نے جو صورتحال پیدا کی ہے اس نے نوجوانوں کو عسکریت پسندی میں شامل ہونے پر مجبور کیا ہے۔دوسری جانب جموں کشمیر لیبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک کو ملنے والی عمر قید کی سزا کے خلاف جے کے ایل ایف نے 5 اگست کو تیتری نوٹ کی طرف مارچ اور سیز فائر لائن عبور کرنے کا اعلان کردیا ۔راولاکوٹ میں منعقد ہ مرکزی اجلاس میں قائم مقام چیئرمین راجا حق نواز اور ترجمان رفیق ڈار نے بطور خاص شرکت کی اجلاس میں اسلام آباد سمیت دنیا بھر میں بھارتی سفارت خانوں اور اقوام متحدہ کے دفاتر کے سامنے مظاہروں کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ادھر یاسین ملک کو دی گئی سزاکے خلاف شٹر ڈائون ہڑتال سے نظام زندگی مفلوج ہو گیا ہو کا ۔ شٹر ڈاون ہڑتال کی کال انجمن تاجران آزادکشمیر نے دی تھی راولاکوٹ سمیت آزادکشمیر بھر میں ہڑتال کے باعث دفاتر میں حاضری نہ ہونے کے برابر تھی، بیشتر تعلیمی ادارے بند رہے ،قوم پرست تنظیموں جے کے ایل ایف اور این ایس ایف کے ساتھ کالج ٹیچرز آرگنائزیشن پی ڈبلیو ڈی ورکرز ایسوسی ایشن جموں کشمیر پیپلز پارٹی نے پرزور ریلیاں نکالیں ۔