جو ضمانت پر گئے بھائی کو واپس نہ لا سکا وہ قوم کو کیا دے گا، شیخ رشید

193
مولانا فضل الرحمن وحشی جٹ بنے ہوئے ہیں، شیخ رشید

راولپنڈی: سابق وفاقی وزیر اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ جو شہباز شریف 50 روپے عدالتی اسٹامپ کی گارنٹی پر 4 سال میں اپنے بھائی کو واپس نہ لا سکا وہ قوم کو کیا دے گا۔

  شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 3 سیاسی چوہوں کا آپس میں اتحاد یہ تھا کہ ایک نے اپنے بیٹے کو چیف منسٹر بنا لیا ہے دوسرے نے وزیرخارجہ، اور تیسرے نے وزیر مواصلات جبکہ غریب لوڈشیڈنگ، مہنگائی اور بے روزگاری سے مررہا ہے جس سے اب ان کو کوئی غرض نہیں۔

شیخ رشید نے کہاکہ  سامراج کے اشارے پر اسرائیل سے دوستی بڑھائی جارہی ہے اور  ہندوستان سے تجارت شروع ہونے والی ہے جبکہ ایران اور چین سے فاصلے پیدا ہونے والے ہیں۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ لاٹھی اور آنسو گیس سے دبانے کے لیے راناثناء اللہ جیسے اجرتی قاتل کرائے پر رکھ لیے گئے ہیں۔

سابق وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ  اب حکومت کا مسئلہ 8 سے 12 گھنٹے لوڈ شیڈنگ نہیں ہے بلکہ اپنے کیس نیب، ایف آئی اے اور اے این ایف سے ختم کروانا ہے، جس پر تیزی سے کام ہو رہا ہے۔  1 ووٹ کی اکثریت پر قائم حکومت کسی وقت بھی دھڑم سے گرجائے گی۔

انہوں نے مزید کہاکہ  ابھی پٹرول اور بجلی میں اضافے کی پہلی قسط آئی ہے، 5 سے 25 جون تک دوسری قسط بھی آ جائے گی لوگ خود سڑکوں پر آئینگے اور غلامی کی زنجیریں توڑیں گے، حکومت کا جانا ناگزیر ہے، عنقریب وہ وقت آئے گا جب صدر ان سے اعتماد کے ووٹ کے لیے کہے گا، جس سے سامراجی خواہشیں چکنا چور ہو جائیں گے۔