لاہور: حمزہ شہباز نے وزیراعلی پنجاب کے الیکشن کے خلاف درخواستوں کا جواب لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرادیا ہے ۔
وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے اپنے وکیل خالد اسحاق کے ذریعے 16صفحات کا جواب جمع کرایا جس میں انہوں نے وزیراعلی کے الیکشن کے خلاف درخواستوں کو جرمانے کے ساتھ خارج کرنے کی استدعا کی ہے۔
حمزہ شہباز کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلی کا الیکشن ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں بالکل آئین و قانون کے مطابق ہوا جو سپریم کورٹ کی 63اے کی تشریح سے قبل ہوا۔
جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ قانون کے مطابق سپریم کورٹ کی تشریح کا وزیراعلی کے الیکشن پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، سپریم کورٹ کے فیصلے کا اطلاق ماضی سے نہیں ہوگا۔
حمزہ شہباز نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ سابق گورنر کی جانب سے الیکشن سے متعلق چھان بین غیر قانونی تھی، سیکرٹری اسمبلی کے پاس بھی الیکشن سے متعلق انکوائری کا کوئی اختیار نہیں۔
وزیر اعلی کا الیکشن قانون کے مطابق ہوا اور حمزہ شہباز قانون کے مطابق ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔
وزیراعلی کے الیکشن کے خلاف درخواستوں کو جرمانے کے ساتھ خارج کیا جائے۔