کراچی: 120 جدید بسیں 14 جون سے چلنا شروع ہوجائیں گی

410

کراچی (رپورٹ: محمد انور) حکومت سندھ کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولیات بہتر بنانے کیلیے بالآخر سنجیدہ ہوگئی، اس ضمن میں سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے ایم ڈی الطاف حسین ساریو نے بتایا ہے جلد ہی شہر میں سرکاری بس سروس کا جال بچھانے کے عظیم منصوبے پر کام شروع کردیا جائے گا اور آئندہ ماہ 14 جون سے پیپلز بس ٹرانسپورٹ سروس کے تحت 120 بسوں کے پہلے بیڑے کا افتتاح کردیا جائے گا۔ اس اسکیم کے تحت مجموعی 240 بسیں ابتدائی طور پر 7 مختلف روٹس پر چلائی جائیں گی، اس مقصد کیلیے 120 بسوں کا پہلا بیڑہ چین سے کراچی پہنچ چکا ہے جبکہ مزید 120 بسیں چین سے روانہ ہوچکی ہیں جلد ہی پہنچ جائیں گی۔ منیجنگ ڈائریکٹر ایس ایم ٹی اے نے بتایا ہے کہ اس منصوبے کے علاوہ اورنج لائن منصوبے کے تحت 20 بسیں بھی جون میں چلنا شروع ہوجائیں گی۔ مختلف عام روٹس اور اورنج لائن پر چلائی جانے والی مجموعی 260 بسیں جدید ماڈل کی زیرو میٹر ہیں۔ یہ بسیں دنیا کی دوسری بڑی کمپنی سے خریدی گئیں ہیں۔ الطاف ساریو کا کہنا ہے کہ پیپلز بس ٹرانسپورٹ سروس کے تحت 10 مجوزہ روٹس پر یہ بسیں چلائیں جائیں گی۔