صحافیوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہوگا‘ مریم اورنگزیب

103

اسلام آباد(اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ صحافیوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہوگا، الیکٹرونک میڈیا اور سوشل میڈیا کی ہئیت تبدیل ہو چکی ہے، اس میں موبائل جرنلزم اہمیت اختیار کر گیا ہے، موبائل جرنلزم نے خبر کی نشر و اشاعت کو تیز کر دیا ہے۔ یہ بات انہوں نے انفارمیشن سروس اکیڈمی میں موبائل جرنلزم کی دو روزہ تربیتی ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزارت اطلاعات کے اداروں پی ٹی وی، اے پی پی اور ریڈیو پاکستان کے رپورٹرز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات اور بیرون ملک پاکستانی مشنز کے افسران کی ورچوئل ٹریننگ ہونی چاہیے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ موبائل جرنلزم کی تربیتی ورکشاپ میں خواتین کی بڑی تعداد دیکھ کر خوشی ہوئی، خواتین کسی بھی طرح مرد صحافیوں سے پیچھے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار سال کے دوران خواتین صحافیوں نے ہمارا بھرپور ساتھ دیا، خواتین کی ہر شعبے میں حوصلہ افزائی ہونی چاہیے ۔