مہنگائی کا طوفان آنے والا ہے،حکومت عوامی غضب سے نہیں بچ سکتی ،شیخ رشید

479

راولپنڈی (صباح نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اورسابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مہنگائی کا طوفان آنیوالا ہے ،حکومت عوامی غیظ و غضب سے نہیں بچ سکتی، ایک ووٹ کی اکثریت ، بیساکھیوں کا سہارا اور آئی ایم ایک کی خیرات، کیسے چلے گی یہ حکومت؟اگر عمران خان گھر میں بھی بیٹھ جائے تو یہ 11اتحادی پارٹیاں ایک مہینہ بھی اکٹھے نہیں چل سکتیں۔ اتوار کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ ملک وہاں پہنچ گیا جہاں سیاسی پارٹیوں کے چلانے کا بس نہیں ، یہ نیب، اے این ایف اور ایف آئی اے میں اپنے افسر لگائیں گے، کیس ختم کرائیں گے اور گھر چلے جائیں گے۔ ا نہوں نے کہا کہ اگلے مہینے جب لوگ نکلیں گے تو وہ کسی کے کہنے پر بھی واپس نہیں جائیں گے کیونکہ ان کے گھر میں صرف بھوک ان کا انتظار کر رہی ہے۔ ایک ووٹ کی اکثریت کی 11اتحادی جماعتیں جتنا بھی زور لگا لیں دنیا کی کوئی طاقت ان کو گھر جانے سے نہیں روک سکتی۔ شیخ رشید نے کہا کہ ان میں تباہ حال معیشت کو بچانے کی کوئی صلاحیت نہیں ہے اور آج بھی یہ مال بنانے، بچانے اور گھر جانے کے لیے آئے ہیں۔