گرفتاری سے خوفزدہ عمران خان بنی گالا کے بجائے پشاور میں بیٹھے ہیں،مریم نواز

336

مانسہرہ/اسلام آباد( نمائندہ جسارت/مانیٹرنگ ڈیسک )مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نوازنے کہا ہے کہ گرفتاری سے خوفزدہ عمران خان بنی گالا کہ بجائے پشاور میں وزیراعلیٰ ہاؤس میں کیوں بیٹھے ہیں؟‘ یہ جتنا لانگ مارچ کرلیں حکومت کہیں نہیں جارہی‘عوام نے لانگ مارچ کو ایبسولوٹلی نات کہہ کر مسترد کردیا ‘انقلاب ہیلی کاپٹر سے نہیں آتا‘عمران خان کا سارا بیانیہ دو نمبر ہے۔ مانسہرہ میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے مزید کہا کہ عمران خان جتنا لانگ مارچ کرلیں حکومت کہیں نہیں جارہی، عوام وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا نے عمران خان کے لانگ مارچ کو “ایبسولیوٹلی ناٹ ” کہہ کر مسترد کر دیا ، انقلاب اس لیے ناکام ہوا کہ وہ ہیلی کاپٹر سے نہیں آتا، پیراشوٹ سے لینڈ نہیں کرتا، یوٹرن لیکر بنی گالا نہیں پہنچتا، عمران خان نے نااہلی سے پاکستان کے سینے پر زخم لگائے ، اس کا سارا بیانیہ دو نمبر ہے۔ عمران خان نے خیبر پختونخوا کے عوام کی خون پسینے کی کمائی پانی کی طرح بہائی، جن پیسوں سے اسکول کالج بننے چاہیے تھے وہ وسائل ناکام انتشار میں جھونکے گئے، عمران خان کا مقصد فتنہ اور انتشار تھا،عمران خان جس ہیلی کاپٹر میں بیٹھ کر آیا وہ کے پی حکومت کا تھا،فرح گوگی نے بھی خیبرپختونخوا کا ہیلی کاپٹر استعمال کیا، دھرنے میں استعمال گاڑیاں کے پی اور جی بی حکومت کی نمبر پلیٹ والی تھیں، وہ کرین جنہیں لیکرچڑھائی کے لیے آیا وہ کے پی کے عوام کے ٹیکس کی تھیں۔عمران خان نے لوگوں کو دھرنے کا بتا کر صبح فرار ہوگیا، قوم کے بچے سڑکوں پر مرنے کے لیے اور اس کے بچے لندن کی ٹھنڈی ہوا میں بیٹھے تھے، ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو 40 دن بھی نہیں ہوئے، شہباز شریف نے آٹا، چینی سستی کر دی، عمران خان کی تباہی کو ٹھیک کرنے کیلیے مشکل فیصلے کرنے پڑے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مینڈیٹ بھی دونمبر، بیانیہ‘ جعلی خط اور عالمی سازش بھی دونمبر، انقلاب بھی دو نمبر، انقلابی لیڈر عمران خان بھی دونمبر، اتنے آنسو شیل سے نہیں جتنے عمران خان کے دھوکے سے آئے، ایک آڈیو لیک ہوئی جس میں زرداری صاحب کی منتیں کر رہا تھا، جب اس نے دیکھا لانگ مارچ ناکام ہوگا تو نواز شریف کے پاس اپنے بندے بھیجے، نواز شریف نے کہا دھمکیوں میں نہیں آئیں گے جتنے لانگ مارچ کرنے ہیں کرلو، پہلے زرداری صاحب کی منتیں کیں، پھر سپریم کورٹ کی منتیں کیں۔