سپر پاور کو دھمکیاں دینے والا پشاور کے بنکر میں چھپ کر بیٹھا ہے، مریم نواز

363

مانسہرہ: مسلم لیگ(ن)کی نائب صدر مریم صفدر نے کہا ہے کہ ڈٹ کر کھڑا ہونے کا دعویدار زرداری کے پاؤں پڑ گیا، سپر پاور کو دھمکیاں دینے والا پشاور کے بنکر میں چھپ کر بیٹھا ہے۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے  مریم صفدر نے کہا کہ  دونمبر لیڈر کا بیانیہ، سازش اور مینڈیٹ سب دونمبر ہے، انقلاب ہیلی کاپٹر پر سوار ہوکر نہیں آتا، حقیقی آزادی کا شور مچا کر اسلام آباد آنیوالے صبح سویرے فرار ہوگئے۔

مریم صفدر کا کہنا تھا کہ عمران خان کو جتنے مارچ کرنے ہیں کرلیں، حکومت کو کچھ نہیں ہوگا، خیبر پختونخوا کے عوام نے انتشار اور فتنے پر مبنی لانگ مارچ مسترد کر دیا، شہبازشریف عمران خان کے لگائے زخم بھر کر جائیں گے۔

ن لیگ کی نائب صدر کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا نے انتشار اور فتنہ پر مبنی لانگ مارچ کو مسترد کر دیا، عمران خان نے ناکام مارچ کیلئے خیبر پختونخوا کے وسائل استعمال کیے، کے پی کی عوام کا حق ناکام دھرنے کی نذر ہوگیا، جس ہیلی کاپٹر پر عمران خان دھرنے کیلئے آئے وہ خیبر پختونخوا حکومت کا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ  عمران خان نے سرکاری ہیلی کاپٹر اور گاڑیوں کو دھرنے کیلئے استعمال کیا، دھرنے میں عوام نہیں آئے، کرینوں کی ضرورت نہیں پڑی، جب دھرنے کا وقت تو یہ صبح صبح اسلام آباد سے غائب ہوگیا، قوم کے بچے مرنے کیلئے اور اس کے بچے لندن میں ٹھنڈی ہوائیں لے رہے ہیں۔