ایران نے یونان کے 2جہازوں پر قبضہ کر لیا

545

ایتھنز (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران نے یونانی پرچم والے 2جہازوں کو قبضے میں لے لیا۔ چند روز قبل ہی یونان نے کہا تھا کہ وہ روسی ٹینکر سے قبضے میں لیا گیا ایرانی تیل واشنگٹن بھیجے گا۔ خبررساں اداروں کے مطابق یونان نے خلیج فارس میں پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے یونانی پرچم والے 2بحری جہازوں پر قبضے کے خلاف احتجاج کیا۔ ایتھنز حکومت نے اپنے بیان میں کہا کہ ایرانی ہیلی کاپٹر یونانی پرچم والے جہاز ڈیلٹا پوزیڈون پر اترا تھا،جس نے جہاز کے عملے کو یرغمال بنا لیا ۔ بیان میں کہا گیا کہ واقعہ ایرانی ساحل کے قریب 22 ناٹیکل میل کے فاصلے پر بین الاقوامی پانیوں میں پیش آیا۔ ایران کے ساحل کے قریب ہی یونانی پرچم والے ایک دوسرے جہاز پر بھی ایسا ہی واقعہ پیش آیا ہے، جس پر 7یونانی شہری سوار تھے۔دوسرے جہاز کا نام پروڈنٹ واریئر ہے۔ یونانی جہاز کی مالک کمپنی پولمبروس شپنگ نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ کمپنی یونانی حکام کے ساتھ تعاون کر رہی ہے اور صورتحال کو مؤثر طریقے سے حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب ایرانی پاسداران انقلاب نے اپنی سرکاری ویب سائٹ پر ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے 2آئل ٹینکروں کوقوانین کی خلاف ورزیوں پر قبضے میں لیا ہے۔ ادھر اس بیان کے رد عمل میں ایتھنز نے ایران پر بحری قزاقی کا الزام عائد کرتے ہوئے بطور احتجاج ایرانی سفیر کو طلب کرلیا ہے۔