رواں ہفتے چین سے مالی پیکیج کی اچھی خبر ملے گی ، وزیر خزانہ

275

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات مفتاح اسماعیل نے کہاہے کہ رواں ہفتے چین سے مالی پیکیج کی اچھی خبر ملنے والی ہے، سعودی وزیرخزانہ نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹس میں توسیع کا بیان دیا ہے، سعودی عرب مزیدمدد کرنے کے لیے تیار ہے، فی الوقت اس کی تفصیل نہیں بتاؤں گا۔ وزیراعظم سستاپیٹرول سستاڈیزل اسکیم کے تحت ایک کروڑ 40 لاکھ پاکستانی گھرانوں کوماہانہ 2ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا،ا سکیم سے 8کروڑ 40 لاکھ افراد یا ایک تہائی آبادی مستفید ہوگی۔وزیرمملکت ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا کے ہمراہ پریس کانفرنس میں وزیرخزانہ نے بتایاکہ وزیرعظم نے قوم سے خطاب میں جواعلانات کیے ہیں ان سے ملک کے غریب اورکم آمدنی رکھنے والے طبقات کوفائدہ پہنچے گا، یہ حقیقت ہے کہ پیٹرول اورڈیزل کی قیمت بڑھانے سے مہنگائی میں اضافہ ہوگا،اگرایسا نہ کرتے توروپے کی قدرمزیدگرجاتی اورملک اورمعیشت کانقصان ہوتا،مشکل اورسخت فیصلہ ملک وقوم کے مفاد میں کیاہے۔انہوںنے کہا کہ ہم سیاسی ومعاشی دباؤ کا سامنا کررہے ہیں، ملک وقوم کے مفاد میں فیصلے کیے جائیں گے۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ وہ نہیں کہہ سکتے کہ پیٹرول کی قیمت میں آئندہ اضافہ ہوگا یانہیں، مجھے نہیں لگتا کہ اس میں جلد مزیداضافہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ بجلی کی قیمت بڑھانے سے متعلق ابھی کوئی سمری نہیں آئی، دوحہ میں آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات میں پاورپلانٹس کی نجکاری کی کوئی بات نہیں ہوئی، لیکن ہم سمجھتے ہیںنجکاری ہونی چاہیے۔ ہمیں امیدہے کہ جون تک آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول کامعاہدہ ہوجائے گا، اس کے بعد پاکستان کونئی قسط ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ ’’وزیراعظم سستاپیٹرول سستاڈیزل اسکیم‘‘ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے حاصل معاونت سے اضافی ہوگی۔اسکیم کی لاگت 28ارب روپے ہے، اس میں 73لاکھ وہ گھرانے جو بی آئی ایس پی میں رجسٹرڈ ہیں، اس کے علاوہ 67لاکھ وہ گھرانے بھی شامل ہیں جوبی آئی ایس پی میں شامل تونہیں مگر ان کی غربت کاسکور37سے کم ہے، ایسے گھرانے ٹیلی فون نمبر786 پراپنا شناختی کارڈ نمبرارسال کرکے یہ امداد حاصل کرسکیں گے، اس میں گھرانوں کی سربراہ خواتین اوربیوائوں کوترجیح دی جائے گی۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ پاکستان بیوروبرائے شماریات کے مطابق پاکستان میں ایک گھرانہ اپنی آمدنی کا 5 فیصد ٹرانسپورٹ پرخرچ کرتا ہے اسی پیمانے کے مطابق امداد دی جائے گی،اس اسکیم کوآئندہ مالی سال کے بجٹ میں شامل کیاجائے گا۔انہوں نے اسکیم میں معاونت پرڈاکٹرشازیہ مری اورسیکرٹری بی آئی ایس پی کاشکریہ اداکیا۔