قوم کو ایٹمی قوت ہونے پر فخر ہے، پرویز اشرف

240

اسلام آباد (آن لائن )اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پوری قوم کو ایٹمی طاقت ہونے پر فخر ہے۔ پاکستان ایٹمی طاقت ہونے کے باعث مسلم اْمہ میں ایک منفرد حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایٹمی پروگرام کی بنیاد پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی اور قائد عوام زوالفقار علی بھٹو نے رکھی جس کی بدولت پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں
نے یوم تکبیر کے موقع پر قوم کے نام اپنے جاری پیغام میں کیا جو ہر سال 28 مئی کو پورے ملک میں منایا جاتا ہے۔اسپیکر نے کہا کہ یوم تکبیر پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم ترین دن ہے، جب پاکستان نے 28 مئی 1998ء کو اس وقت کے وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں 5 کامیاب ایٹمی دھماکے کیے اور مسلم دنیا کی پہلی اور دنیا کی 7ویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔اسپیکر نے ایٹمی سائنسدانوں اور پاک افواج خصوصاً ڈاکٹر عبد القدیر خان کو خراج ہوئے پیش کرتے کہا کہ قومی یکجہتی ایٹمی سائنسدانوں اور پاک افواج کی قابل ستائش خدمات کی بدولت پاکستان کو ایک ایٹمی طاقت بننے کے اعزاز حاصل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی قوت اور اس کا دفاع مضبوط ہاتھوں ہے اور دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا۔