واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے چین کو روس سے بڑا خطرہ قرار دے دیا۔ انہوں نے عالمی برادری سے چین کو روکنے اور اس کا مقابلہ کرنے کے لیے متحد ہونے کی اپیل کی ہے۔ بلنکن کا کہنا ہے کہ روس فوری خطرہ ہے لیکن چین سے عالمی نظام کو زیادہ سنگین خطرات لاحق ہیں۔ جارج واشنگٹن یونیورسٹی میں تقریر کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ نے کہاکہ چین ایک ایسا ملک ہے جو بین الاقوامی نظام کو اپنے نظریات کے مطابق آگے لے جانے کے لیے پیش قدمی کررہا ہے۔ بیجنگ حکومت اپنے عزائم کی تکمیل کے لیے اقتصادی، تکنیکی، فوجی اور سفارتی ذرائع کو اپنی مرضی سے ا ستعمال کرنا چاہتی ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق بلنکن کا کہنا تھا کہ روس توعالمی نظام کے لیے موجود ہ اور فوری خطرہ ہے ، لیکن طویل مدت کے لحاظ سے چین بین الاقوامی سیکورٹی کو تباہ کرنے کی زیادہ صلاحیت رکھتا ہے۔